اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے دفعہ370 کی منسوخی کو قبول نہیں کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام نے 5 اگست 2019ء کے مودی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی فیصلے کو قبول نہیں کیا ہے۔ انہوں نے اسمبلی سے خطاب میں 5 اگست کے مودی حکومت کے اقدامات پر براہ راست موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اسمبلی جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ کشمیری عوام نے مودی حکومت کے ان یکطرفہ اقدامات کی کبھی حمایت نہیں کی اور اگر کشمیریوں نے اس فیصلے کو تسلیم کیا ہوتا تو آج سیاسی منظر نامہ اور انتخابی نتائج مختلف ہوتے۔