اسلام ٹائمز۔ لبنان کی اسلامی مزاحمت حزب اللہ نے اسرائیلی شہریوں حیفہ اور تبریاس پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے جس سے کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ میزائل حیفہ کےقلب میں گرے جس سے شہر لرز اٹھا۔ اسلامی مزاحمت حزب اللہ نے حیفہ کو فادی 1 میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی حکام نے اعتراف کیا کے کہ اس حملے سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور یہ جنگ کے آغاز کے بعد سے حزب اللہ کا حیفہ پر پہلا بڑا حملہ ہے۔ ادھر صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق 2006ء کے بعد سے پہلی بار حزب اللہ کے راکٹ حیفہ کے قلب پر گرے۔ ادھر صہیونی ذرائع ابلاغ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ کے میزائل تبریاس پر گرنے کے بعد متعدد صیہونی زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثناء حیفا اور تبریاس پر حزب اللہ کے راکٹوں کے حملے میں 10 صہیونی زخمی ہونے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ صہیونی میڈیا نے حزب اللہ کے میزائلوں کے حیفا اور تبریاس کو نشانہ بنانے کے بعد 10 صہیونی زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے اور مزید کہا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ حزب اللہ کی طرف سے فائر کیے گئے پانچ راکٹ کس طرح ملک کے فضائی دفاع نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے حیفہ کے جنوب میں ایک فوجی اڈے کو ’فادی 1‘ میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔