اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی مسعود الرحمن نے کہا ہے کہ باغ میں ریسکیو 1122 کی سروس کو آزاد کشمیر کے لیے ماڈل بنائیں گے، 2005ء میں اگر ہمارے پاس ریسکیو کی ٹریننگز اور آلات سمیت متحرک ادارہ موجود ہوتا تو اموات کم ہوتیں، ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت باغ میں موجود ہے، جلد جدید آلات ادارے کو مہیا کر رہے ہیں اور ٹرینڈ سٹاف کے ذریعے باغ کی عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، 1122 پر کال کرنے کے کچھ منٹ کے اندر ہمارا عملہ موقع پر پہنچ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے موقع پر ریسکیو 1122 کے دفتر اور کنٹرول روم کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد صداقت خان، ایس پی خرم اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم، ڈسٹرکٹ فائر اینڈ ریسکیو آفیسر باغ ایاز بذمی، ڈسٹرکٹ فائر اینڈ ریسکیو آفیسر راولاکوٹ، افسر مال سید قمر عباس کاظمی کے علاوہ شہری دفاع کے آفیسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل کو ڈسٹرکٹ فائر اینڈ ریسکیو آفیسر ایاز بزمی نے بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ایس پی باغ نے ریسکیو 1122 کو فعال بنانے کے لیے تجاویز دیں، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مسعود الرحمن نے 1122 پر کال کروا کر خود کنٹرول روم میں چیک بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ باغ ریسکیو 1122 کے لیے تمام وہ آلات جو آگ سمیت دیگر ہنگامی صورت حال میں ضرورت ہوتے ہیں وہ مہیا کر رہے ہیں، فائر برگیڈ، ایمبولینس سمیت سٹاف کی ٹریننگ اور سٹاف کو سیفٹی کٹس بھی دی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ریسکیو 1122 بروقت کاروائی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے اندر ریسکیو 1122 کی سہولت موجود نہیں تھی جسے باقاعدہ سے ناصرف شروع کر دیا گیا ہے بلکہ جدید آلات بھی سے مزین کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا ہم پنجاب طرز پر ریسکیو 1122 کو فعال بنا رہے ہیں جس میں کچھ وقت تو لگ سکتا ہے مگر بہت جلد یہ ادارہ شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کے طور پر موجود ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل سے ہی ابتدائی کام شروع کیا ہے اور بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں اس موقع پر انہوں نے ایس پی باغ سے پولیس اہلکاران کو بھی فائر فائٹر کے طور پر ٹریننگ کروانے کا کہا جس پر ایس پی باغ نے انہیں یقین دلایا کہ پولیس ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فائر اینڈ ریسکیو آفیسر ایاز بزمی نے بتایا کہ اس وقت تک باغ کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں ایک ہزار سے زائد بچے اور بچیوں کو فائر فائٹنگ اور فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جا چکی ہے باغ کا ہر نوجوان سیکھنے کے لیے جذبہ لیکر آگے آ رہا ہے مزید ٹریننگز کے لیے شیڈول تیار ہے۔