0
Friday 4 Oct 2024 10:13

پنجاب میں رینجرز طلب، مزید 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ

پنجاب میں رینجرز طلب، مزید 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب نے صوبے کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ کردی اور3 اضلاع میں رینجرز کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کے بعد راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں جمعہ 4 اکتوبر سے اتوار 6 اکتوبر تک 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جبکہ لاہور میں جمعرات 3 اکتوبر سے منگل 8 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ اس دوران ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے،  احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک کی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر وفاقی حکومت سے رینجرز کی خدمات بھی طلب کی ہیں۔ 4 اور 5 اکتوبر کیلئے راولپنڈی میں 4 جبکہ اٹک میں رینجرز کی 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

اسی طرح اٹک میں فرنٹئیر کانسٹیبلری کی 10 پلاٹون بھی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر  5 اکتوبر کیلئے رینجرز کی 3 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کیساتھ رینجرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ نے لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں اور رینجرز کی خدمات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلے لکھے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1164250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش