اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر کے نائب صدر صوفی محمد یوسف نے نیشنل کانفرنس و کانگریس اتحاد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ کیونکہ ماضی کی تاریخ ایسے اتحاد کی گواہ ہے۔ صوفی یوسف نے کہا کہ بی جے پی اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی اور آنے والی حکومت بی جے پی کی ہوگی۔ ان باتوں کا اظہار صوفی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اننت ناگ میں بات کرتے ہوئے کیا۔ صوفی یوسف نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جب کشمیری عوام اپنی رائے دہی کے حق کا صحیح استعمال کر کے بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔
بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ یہاں کے لوگ اب سیاست میں تبدیلی چاہتے ہیں اور آج جس طرح نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہوا وہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اتحاد کا ماضی، تاریخ کے مطابق ناکام رہا ہے اور آج کشمیری عوام ہوشیار ہوگئے ہیں اور ان کو اس طرح کے اتحاد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے لوگ چاہتے ہیں کہ کشمیر میں کنول کا پھول کھلے اور امید ہے کہ اس الیکشن میں لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں ووٹ دے کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کریں گے اور جموں و کشمیر میں آنے والی حکومت بی جے پی اپنے بل بوتے پر بنائے گی اور جموں وکشمیر کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔