اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کی کابینہ کا اجلاس علامہ سید رضی جعفر نقوی کی زیرِ صدارت بارگاہ حسینی کراچی میں منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ انشاء اللہ حسب سالہائے گزشتہ کی طرح مؤرخہ 5 جولائی 2023 بروز بدھ کو "اہتمام عزاداری کانفرنس" نشتر پارک میں منعقد کی جائے گی۔ اجلاس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید شبر رضا نے گزشتہ دی جانے والی ذمہ داری جو کہ کوآرڈینیشن کمیٹیز کے حوالے سے مختلف ڈسٹرکٹس میں تھی ان کی مکمل رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی جس کو تمام کابینہ نے بہت سراہا اور علامہ نثار احمد قلندری کی اندرون سندھ کی جانے والی کاوشوں کو بھی بھرپور سراہا گیا۔
اس موقع پر کابینہ میں نئے شریک ہونے والے علامہ ڈاکٹر سید علی عباس زیدی اور شمس الحسن شمسی صاحب کو خوش آمدید کہا گیا اور اکبر موسوی کو بھی صدر کے مشیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا۔ تمام ضلعی کوآرڈینیٹرز کے لئے صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید رضی جعفر نقوی نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملت میں اتحاد اتفاق کو مزید فروغ دیا جائے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انشاءاللہ آنے والے محرم الحرام میں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کو منظم اور اس کے بہتر انتظامات کے لئے روابط کو تیز کیا جائے۔