اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ یہ آپریشن فلسطین کے مظلوم عوام اور اس کے غیور مجاہدین کی حمایت، غزہ میں ہمارے بھائیوں کی شہادتوں کے خلاف اور "الفتح الموعود و الجهاد المقدس" (موعود فتح و مقدس جہاد) کے پانچویں مرحلے کے تحت ملک عزیز کے خلاف ہونے والی غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت کے جواب میں انجام پایا ہے۔ جنرل یحیی السریع نے کہا کہ یمنی مسلح افواج کے میزائل ڈویژن نے اللہ تعالی کی مدد سے یافا (تل ابیب) کے مقبوضہ علاقے میں واقع غاصب اسرائیلی دشمن کے اہم فوجی ٹارگٹ کو "فلسطین 2" ہائپرسونک میزائل کے ساتھ نشانہ بنایا جو یافا میں واقع اپنے ہدف پر انتہائی درستگی کے ساتھ جا لگے جبکہ دشمن کے تمام ٹریکنگ سسٹمز یمنی میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ اعلان بھی کیا کہ ہم خصوصی یافا آپریشن کے ساتھ ہی یمن کے عظیم عوام کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے سڑکوں پر آ کر غاصب دشمن کا مقابلہ کرنے اور اسے چیلنج کرنے پر تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے ساتھ ہی ہم غزہ کی پٹی میں غیور مجاہدین اور اسرائیلی دشمن کے خلاف ان کی مسلسل بہادرانہ کارروائیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیلی دشمن کے خلاف ہماری مزاحمتی کارروائیاں؛ غزہ کے خلاف جاری جارحیت اور اس کے محاصرے کے خاتمے کے بغیر کبھی رکنے والی نہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی میڈیا نے بھی اعلان کیا تھا کہ یمن کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب کی ایک عمارت سے جا ٹکرائے ہیں جس سے 18 غاصب صہیونی آبادکار صرف "زخمی" ہوئے ہیں!