اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام سہ ماہی اجلاس برائے تنظیمی ذمہ داران کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ مدینتہ العلم گلشن اقبال میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل حجتہ الاسلام و المسلمین مولانا شیخ محمد صادق جعفری صاحب نے کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری امور تنظیم سازی مولانا علی انور جعفری، صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اراکین ڈویژنل کابینہ، کراچی کے تمام 7 اضلاع کی کابینہ کے تمام اراکین اور ان اضلاع کے تمام یونٹس کے اراکین کابینہ نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ تنظیمی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ تین ماہ کے پروگرامات تمام اضلاع و یونٹس کو فراہم کئے گئے۔ اجلاس میں تلاوت کلام پاک کی سعادت مولانا نشان حیدر، نعت رسول (ص) کی سعادت علی حسین عابدی اور منقبت کی سعادت وفا درویش نے حاصل کی۔ اختتام پر مولانا ملک غلام عباس نے دعائے امام زمانہ (عج) کی تلاوت فرمائی۔