اسلام ٹائمز۔ پشتونخوا میپ کے محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ فارم 47 کے نتیجے میں بننے والی حکومت تسلیم نہیں کرتے۔ بلوچستان میں پشتونخوا میپ کے زیراہتمام دو روزہ امن جرگے کے آخری روز محمود خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اداروں سے صوبائی انتظامی اختیارات صوبائی انتظامیہ کو واپس کیے جائیں۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے نام پر بلوچستان کو عملاً وفاقی علاقے میں تبدیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی مداخلت نے صوبے کی آئینی صوبائی خود مختاری، انتظامی اتھارٹی کو مفلوج کیا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کی اصل روح کے مطابق صوبے کی صوبائی حیثیت اور خود مختاری بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کا واحد حل فوری صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔