رپورٹ: تصور حسین شہزاد
خدا کرے میری ارض پاک پر اترے، وہ فصلِ گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو۔ آزادی کے 77 سال مکمل ہونے پر قوم خوشیوں کی برسات میں نہا گئی۔ ملک بھر میں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ شہر میں تقریبات کا آغاز ہوا تو زندہ دلان لاہور سڑکوں پر نکل آئے۔ زندہ دلان نے لاہور کو دلہن کی طرح سجا دیا۔ اہم شاہراہیں سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئیں۔ سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا۔ لبرٹی، مال روڈ، کینال روڈ اپنی مثال آپ ہیں۔ بازاروں میں رات گئے تک خریداری ہوتی رہی۔ قومی پرچم، جھنڈیوں اور بیجز کے سٹالز پر رش رہا۔ خواتین نے میچنگ کپڑے اور چوڑیاں خریدیں۔ لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ فوجی جوانوں نے نعرہ تکبیر بھی بلند کیا۔ مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں جی او سی میجر جنرل شعیب بن اکرم مہمان خصوصی تھے۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔
ادھر حضوری باغ میں یوم آزادی کی مناسبت سے لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اللہ کی طرف سے بڑی نعمت ہے۔ یہ وطن جتنا ہمارا ہے، اتنا ہی اقلیتوں کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ گورنر ہاؤس میں بھی جشن آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پرچم کشائی کی، کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر نے بھی گورنر پنجاب کی خصوصی دعوت پر تقریب میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی کیلئے تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنی زندگیاں وطن کی سالمیت پر قربان کر دیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ قائم مقام چیف جسٹس عابد عزیز شیخ نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ججز اور صدر بار اسد منظور بٹ بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ قائم مقام چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی، انصاف کی فراہمی اور مساوات کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ عدلیہ میں اصلاحات موجودہ دور کا انتہائی ضروری تقاضا ہے۔ ادھر سیشن کورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سیشن جج علی عمران نے پرچم کشائی کی، کیک بھی کاٹا۔ پنجاب اسمبلی میں بھی جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پرچم کشائی کی، چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ سپیکر اور ڈپٹی میئر ہنسلو لندن نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ سپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کا دن ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اقلیت کی حفاظت اسلام کی بنیادی اساس ہے۔
ادھر سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے کیمپ جیل کا دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کیمپ جیل میں پرچم کشائی کی۔ 77ویں یوم آزادی کی مناسبت سے کیمپ جیل میں سپورٹس فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا گیا۔ نورالامین مینگل نے سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن میں بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی، ڈی آئی جی دارعلی خٹک نے شرکت کی اور کیک کاٹا۔ یوم آزادی پر واپڈا ہاؤس میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ممبر فنانس واپڈ نوید اصغر چودھری نے پرچم کشائی کی۔ سینیئر افسران، سٹاف اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ واپڈ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات نے ملی نغمے پیش کئے۔ قومی پرچم بھی واپڈ ہاؤس پر آویزاں کیا گیا۔ ایل ڈی اے ہیڈ آفس جوہر ٹاؤن میں بھی قومی پرچم لہرایا گیا۔ ڈی جی طاہر فاروق نے پرچم کشائی کی، پودا لگایا، کیک بھی کاٹا۔ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ میں بھی تقریب ہوئی۔ سی او او منصور جنجوعہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پرچم کشائی کئی گئی۔ واسا ہیڈ آفس میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔
سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ ٹاؤن شپ میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر کی جانب سے پودا بھی لگایا گیا۔ تقریب میں قومی پرچموں کی بہار نظر آئی، خواتین نے روایتی لباس زیب تن کئے۔ پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں بھی پرچم کشائی کی گئی۔ کمشنر محمد علی نے سبز ہلائی پرچم بلند کیا، خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے دیگر قائدین کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و دیگر رہنماء اور کارکنوں نے تقریب میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے یوم آزادی شرکاء سے خطاب کیا۔