0
Thursday 4 Jul 2024 14:24

وزیر داخلہ ضیاء لانگو کا کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے کنٹروم سینٹر کا دورہ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف جرائم کی روک تھام، دہشتگردی کے واقعات سے بروقت نمٹنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لئے بلوچستان پولیس کی جانب سے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت قائم کردہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے آج صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول کوٹئہ سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کیا اور قیام امن کے لئے بلوچستان پولیس کی کاؤشوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انسپیکٹر جنرل بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
 
وزیر داخلہ ضیاء لانگو کو اس موقع پر بلوچستان پولیس کے افسران کی جانب سے سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور کوئٹہ شہر کے 225 مختلف مقامات پر نصب 1400 سے زائد کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی اور بروقت کارروائی کے طریقے کار کے حوالے سے بتایا گیا۔ چیف اپریٹنگ آفیسر کوئٹہ سیف سٹی ایس پی عدیل اکبر نے اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان و دیگر حکام کو پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی پروگرام شہر میں ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید تقویت دے رہی ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ سے نگرانی اور رسک مینجمنٹ کے لئے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا برقرار رکھا جارہا ہے، جبکہ منصوبے نے کوئٹہ شہر کے اہم مقامات پر لوگوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کی جانچ کے لیے نگرانی کے کیمرے اور ریڈیو فریکوئنسی ریڈارز نصب کئے ہیں۔
 
وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے اس موقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کی مدد سے شہر میں جرائم کی تعداد میں کمی واقع ہوگی۔ شہر میں امن کی فضاء قائم رکھنے میں بلوچستان پولیس کا کردار اہم ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان کو بتایا گیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے پولیس پورے شہر کی نگرانی کر رہی ہے اور حساس علاقوں پر خصوصی طور پر توجہ دی گئی ہے تاکہ دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کی شناخت و گرفتاری میں بہتری لائی جا سکے۔ بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء لانگو نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو مکمل کرنا حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج تھا۔ پروجیکٹ کا مقصد جرائم کا خاتمہ اور مجرموں کی گرفتاریاں ہیں۔ دعاگو ہیں کہ سیف سٹی پروجیکٹ صوبے کے عوام کے لیے فائدہ مند اور تحفظ کا ذریعہ ثابت ہو۔
 
وزیر داخلہ نے اجلاس کے دوسرے پہلو میں کہا کہ حکومت کی تمام وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ فورسز بھی نشانہ بنے۔ دہشت گردی کی جنگ میں فورسز کی لازوال قربانیاں پر ہمیں فخر ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں سیف سٹی پروجیکٹ مددگار ثابت ہوگا۔ فورسز ریاست کی سپاہی کے طور پر سیف سٹی جیسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کا جلد خاتمہ کر لیں گے۔ وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ پراجیکٹ کا مقصد اور اہداف جرائم کا خاتمہ اور کریمنلز کی یقینی گرفتاریاں ہیں۔ دعا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ صوبے کے عوام کے لیے تاریخی فائدہ مند اور تحفظ کا ذریعہ ثابت ہوگا۔
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت پر نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ کمیروں کی مدد سے تجاوزات اور اسکی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام کی نشاندہی بھی فوری طور پر ہو سکے گی۔ ٹریفک جام کے مسئلے کی سب سے بڑی وجہ تجاوزات ہیں۔ جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی سے سیکیورٹی کے درپیش واقعات کا موثر طریقے سے جواب دیا جا سکے گا اور سیکیورٹی کے خطرات سے فعال طریقے سے نمٹا جا سکے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1145562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش