متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
عید مباہلہ کے بابرکت موقع پر نجی تنظیم اجتماعی شادیاں کمیٹی کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بیسویں اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں انیس جوڑوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کر دیا گیا۔ اس موقع پر دلہا اور دلہن کے عزیز و اقارب، علمائے کرام، قبائلی، سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقہ معتبرین سمیت دیگر خوشی کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ بیسویں اجتماعی شادیوں کے مہمان خصوصی ترقی فاؤنڈیشن کے چیف ایکزیکٹو و سماجی کارکن امجد رشید تھے، جبکہ صدر محفل کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے جید عالم دین علامہ سید احمد کاظمی اور مہمان خاص امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی تھے۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر اور قبائل سے تعلق رکھنے والے انیس جوڑوں کی شادیاں کرائی گئیں۔ جن میں سے متعلق کا تعلق اندرونی بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تھا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اہل سنت و اہل تشیع اور مختلف قبائل کے لوگوں کے درمیان اتحاد بین المسلمین و بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لئے اٹھایا گیا۔
عید مباہلہ کے موقع پر منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں عید غدیر اور عید مباہلہ کے واقعات سے متعلق منقبت کو بھی تقریب میں شامل کیا گیا۔ تقریب سے صدر محفل علامہ سید احمد کاظمی، سماجی کارکن امجد رشید، اجتماعی شادیاں کمیٹی کے رکن و امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی اور امام جمعہ ہزارہ ٹاؤن علامہ سید حسن مبلغ نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد کاظمی نے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے والے نئے جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اجتماعی شادیاں کمیٹی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے توسط سے نکاح کے عمل کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ معاشرے میں منفی رجحان کا مقابلہ کرنے کے لئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر رشتہ ازدواج کی اہمیت پر بھی گفتگو کی اور عید مباہلہ کے حوالے سے بھی بات کی۔
سماجی کارکن امجد رشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا انعقاد معاشرے کے لئے مثبت ثابت ہونگی۔ تاریخ میں مختلف ریاستوں نے اس عمل کو اپناتے ہوئے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے جوڑوں کی خوشیوں اور سنت رسول صلی اللہ علیہ و الہ وسلم میں شرکت کرنا خوبصورت عمل ہے۔ اس سے قوموں کے درمیان محبتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر اجتماعی شادیاں کمیٹی کے رکن و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے عید مباہلہ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے قرآن کریم کے پیغام کے آگے بڑھایا۔ انہوں نے عید غدیر کی اہمیت اور اسکے پیغام پر بھی بات کی۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے خطاب میں اجتماعی شادیوں کے فوائد و اہمیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور نئے جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اجمتاعی شادیاں کمیٹی کی کوششوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ امام جمعہ ہزارہ ٹاؤن علامہ سید حسن مبلغ نے بیسویں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے مقامی زبان میں خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو نکاح کی اہمیت و فضیلت کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے نئے جوڑوں کے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی۔ طعام کے تقریب کے مہمان خصوصی امجد رشید نے اپنی قبائلی روایت کے مطابق نئے جوڑوں کو ہدیہ پیش کیا، جبکہ شرکاء نے نئے جوڑوں کو شادی کے بندھن سے منسلک ہونے پر مبارکباد دی۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial