متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام کے دوران پولیس کو سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کردی۔ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوبے کے لوگ مذہبی رواداری سے رہتے ہیں، تمام علماء کرام نے ہمیشہ احترام اور محبت کے جذبے کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام علماء کا شکرگزار ہوں، محرم الحرام کی آمد آمد ہے، امید ہے کہ اس مقدس مہینے میں علمائے کرام امن و امان برقرار رکھنے میں حکومت سے تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ علمائے کرام محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو پُرامن رکھنے کےلیے تجاویز دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن مجالس کے علاقوں میں نکاسی آب اور پانی کی فراہمی یقینی بنائیں، ٹاؤنز مجالس اور جلوسوں کےلیے سہولیات فراہم کریں۔