اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ذویژن کے زیراہتمام پشاور کے گرجاگھر میں ہونے والے بم دھماکوں کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما ناصر عباس اور ڈویژنل صدر لاہور عابد حسین نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے۔ جن پر دہشت گردی، طالبان اور شرپسند عناصر کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر امریکہ، اسرائیل، طالبان اور دہشتگردی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی رہنما آئی ایس او پاکستان ناصرعباس، فضل عباس اور ڈویژنل صدر لاہور عابد حسین نے خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور کے ڈویژنل صدر عابد حسین نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا نتیجہ پوری قوم کے سامنے ہے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان کہلانے کے حقدارنہیں ہیں۔ موقع پرموجود مسیحی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی ایس او پاکستان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے دکھ اور غم کو اپنا غم اور دکھ سمجھا ہے۔