اسلام ٹائمز۔ اُردن کے وزیر خارجہ "ایمن الصفدی" نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے کوآرڈینیٹر سے گفتگو میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی میں توسیع اور انسانی امداد کی رسائی کے حوالے سے مشاورت کی۔ اس موقع پر ایمن الصفدی نے کہا کہ ہم اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر قیام امن کے لئے واضح اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرامپ کی جانب سے فلسطینیوں کو اردن اور مصر میں آباد کرنے کے بیان پر کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینیوں کے پاس ہے۔ اُردن، اُردنیوں اور فلسطین، فلسطینیوں کا ہے۔ ہمارا ٹھوس موقف ہے کہ امن کے قیام اور فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو روکنے کا واحد حل دو ریاستی فارمولا ہے۔ ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم خطے میں امن کے لئے امریکی کوششوں کی حمایت کریں گے۔ فی الحال ہماری اولین ترجیح غزہ کی پٹی کا استحکام اور تعمیر نو کے آغاز کے لئے انسانی امداد کی ترسیل ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ ہمارے پاس دو ریاستی فارمولا کو لاگو کرنے کا یہ بہترین موقع ہے اور یہ اقوام متحدہ کی ذمے داری ہے۔ واضح رہے کہ آج ہی کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرامپ نے کہا کہ عملی طور پر غزہ ایک کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اسی وجہ سے میں عرب ممالک کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ فلسطینیوں کی اپنے ہاں رہائش و نقل مکانی کے لئے بندوبست کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مصر اور اردن سے خواہاں ہوں کہ وہ فلسطینی مہاجرین کی میزبانی کریں۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں مصر و اردن کے علاوہ دیگر عرب ممالک سے مطالبہ کرتا ہوں کہ غزہ کی پٹی کے فلسطینی مہاجرین کو قبول کریں تاکہ جنگ کی وجہ سے ویران ہونے والے علاقے کو کلئیر کیا جا سکے۔