اسلام ٹائمز۔ یمن میں انصار اللہ تحریک کے سربراہ عبد الملک الحوثی نے قابض اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے سے پیچھے ہٹتا ہے تو یمن صہیونی ریاست کی طرف جانے والے بحری جہازوں پر دوبارہ حملے شروع کر دے گا۔ ان کا یہ بیان اپنے بھائی حسین بدر الدین الحوثی کی شہادت کی 20 ویں برسی کے موقع پر ایک ٹیلی ویژن تقریر میں سامنے آیا۔ الحوثی نے اپنی تقریر میں کہا کہ اگر اسرائیلی دشمن معاہدے (غزہ میں جنگ بندی) کو توڑنے اور کشیدگی اور نسل کشی کی طرف لوٹنے میں ملوث ہوا تو ہم دوبارہ کشیدگی کی طرف لوٹ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر ہم غزہ میں معاہدے کے نفاذ اور جنین اور مغربی کنارے کی صورت حال میں پیش رفت کی نگرانی اور پیروی کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حوالے سے اپنے موقف اور نقطہ نظر پر جماعت کے تسلسل اور ثابت قدمی کے عزم کا اظہار کیا۔