اسلام ٹائمز۔ سونی وطن گلگت بلتستان یو ایس اے کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور انکے ہمراہ وفد کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی اور امریکہ میں مقیم رہنماؤں نے شرکت کی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں نسیم استوری نے تنظیم کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “سونی وطن گلگت بلتستان یو ایس اے کے قیام کا مقصد پورے گلگت بلتستان کے امریکہ میں مقیم کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ ہم مل کر اپنی کمیونٹی اور علاقے کی بہتری کے لیے کام کر سکیں۔” تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور چوغہ کا تحفہ پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسیم استوری اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس شاندار اور بامقصد تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم گلگت بلتستان کی کمیونٹی کو متحد کرنے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ہیوسٹن کے دورے کے بارے میں بھی بتایا، جہاں ایک سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا تاکہ گلگت بلتستان میں موجود مختلف مواقع اور وسائل کو اجاگر کیا جا سکے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان کی طرف راغب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا، نیویارک میں منعقدہ تقریب، جو نسیم استوری اور ان کی محنتی ٹیم نے شاندار طریقے سے منعقد کی ہے، ہماری کمیونٹی کی اتحاد اور قوت کی عکاس ہے۔ میں ان کی گلگت بلتستان کی ثقافت اور مواقع کو فروغ دینے کے لیے کی گئی محنت کی دل سے تعریف کرتا ہوں۔”
اس موقع پر کونسل جنرل آف پاکستان عامر احمد ادوزئی نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اخوت، رواداری اور محبت کے جذبے کو مثالی قرار دیتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی بہتری اور فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔