اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس لون نے کہا ہے کہ استور واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سخت قانونی کارروائی کی جائیگی اور جس نے غلطی کی ہے اس کو سزا ضرور ملے گی، حکومت علاقے میں کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں اور رواداری کو فروغ دیں۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شمس لون نے کہا کہ استور میں ایک مولوی کی جانب سے جو تقریر کی گئی ہے اسے نہ ہی حکومت برداشت کرے گی اور نہ ہی ہمارا معاشرہ اس کو برداشت کر سکتا ہے۔ متعلقہ مولوی کے خلاف استور میں مقدمہ درج ہوا ہے، اس کی گرفتاری ہو گی اور اس کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاملہ اس مولوی کی حد تک محدود نہیں رکھنا ہو گا بلکہ ہر بندے کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہو گا اور جو بھی ایک دوسرے کے عقائد کا احترام نہیں کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ نے کہا کہ جس مولوی نے گستاخی کی ہے اس نے انتہائی غلط کام کیا ہے، اس غلطی پر اس کو سزا ضرور ملے گی۔