0
Monday 27 Jan 2025 11:45

اسلام آباد، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام زبردست بھارت مخالف مظاہرہ

اسلام آباد، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام زبردست بھارت مخالف مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کی مناسبت سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیرِاہتمام اسلام آباد میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مظاہرے میں خواتین، بچوں اور معمر افراد اور جوانوں سمیت لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور سیاہ جھنڈے اٹھائے رکھے تھے۔ مظاہرین نے”بھارتی نام نہاد جمہوریت ہاے ہاے، ہم کیا چاہتے آزادی”، ہے حق ہمارا آزادی ،بھارت سے لیں گے آزادی او Go India Go Back جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرے کی قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر جناب چوہدری انوار الحق ،کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ غلام محمد، صفی، ڈاکٹر مشتاق احمد خان امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر، فیض اللّٰہ فراق ترجمان حکومت گلگت بلتستان، مہرالنسا جنرل سکریٹری مسلم کانفرنس ،پیر زین گیلانی گدی نشین بری امام، محمد فاروق رحمانی، ایڈوکیٹ پرویز احمد، جاوید احمد بٹ، سید راشد گردیزی اور دیگر کر رہے تھے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں بسنے والے مقیم کشمیری ہر سال یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں جس کا بنیادی مقصد عالمی برادری کو پیغام دینا ہے کہ بھارت جمہوری ملک نہیں بلکہ یہ جارح اور استعماری ریاست ہے جس نے کشمیریوں کی آزادی طاقت کے بل پر سلب کر رکھی ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کیخلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت متنازعہ علاقے میں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا۔ مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کے اپنے نام نہاد بیانیے سے عالمی برادری کو ہرگز گمراہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے تمام تر مظالم اور ریشہ دوائیوں کے باوجود اپنے شہداء کے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔مظاہرے کے اختتام پر بھارتی ہائی کمیشن تک ریلی بھی نکالی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1186870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش