اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شیخ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت افروز ہدایت پر انتھک اور مخلصانہ کاوشوں کے نتیجے میں کراچی احتجاجی دھرنے کے دوران گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی رہائی کا وعدہ پورا کر دیا گیا، یہ ایک نہایت خوش آئند پیش رفت ہے جس پر ہم بارگاہِ الہیٰ میں شکر بجا لاتے ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم ناصر حسین شاہ اور وقار مہدی کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جنہوں نے اس حساس اور پیچیدہ معاملے میں سنجیدگی، تعاون اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا، ہمیں قوی امید ہے کہ باقی غیر حقیقی مقدمات بھی جلد ختم کیے جائیں گے اور تمام مسائل احسن طریقے سے اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، بالخصوص بلاول بھٹو زرداری کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی خصوصی دلچسپی نے اس اہم اور نازک معاملے کے حل کو ممکن بنایا۔