اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل (جے کے ایس ڈی ایم آئی ) کے ایک وفد نے تنظیم کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ہاوس آف کامنز کی ڈپٹی اسپیکر Judith Cummins سے ملاقات کی ہے اور انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور کشمیر کاز کے حوالے سے اپنی جماعت کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق راجہ نجابت حسین نے ڈپٹی سپیکر کو برطانوی پارلیمنٹ میں خاص طور پر نومنتخب لیبر ایم پیز کے ساتھ اپنی لابنگ کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کے لیے جے کے ایس ڈی ایم آئی کی حکمت عملی سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے ہماری لابنگ مہم بہت کامیابی سے جاری ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیر پر انٹرنیشنل لابی کی چیئرپرسن یاسمین ڈار کی قیادت میں ہم برطانوی پارلیمنٹ میں نئے دوستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں اور انہیں تنازعہ کشمیر کے تاریخی پہلوﺅں اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کر رہے ہیں۔ Judith Cummins نے سیاسی اور کمیونٹی سپورٹ کو متحرک کرنے میں جے کے ایس ڈی ایم آئی کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور راجہ نجابت حسین کو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور حق خودارادیت کے لیے اپنے پختہ عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے لیبر پارٹی کے سیاست دانوں کے ساتھ جے کے ایس ڈی ایم کی مسلسل مصروفیت کی تعریف کی اور پارلیمنٹ میں ان کی مسلسل کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا وعدہ کیا۔