اسلام ٹائمز۔ مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے قافلے پر شر پسندوں نے حملہ کیا، چوہدری لطیف اکبر بال بال بچ گئے، جبکہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مظفرآباد یونین کونسل چڑکپورہ کے علاقہ ککلیوٹ میں شرپسندوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر پتھرائو کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، اس دوران پولیس اور شرپسندوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اپنے حلقہ انتخاب میں مخالف سیاسی جماعت سے کچھ لوگوں کے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں شامل ہونے کی تقریب میں شرکت کیلئے ککلیوٹ جا رہے تھے، اس دوران ان کے قافلے پر پتھرائو اور ہوائی فائرنگ کرکے قافلے کا راستہ روکا گیا۔پولیس حکام کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف کے قافلے پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کی چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مذمت کرتے ہوئے قافلہ پر فائرنگ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چوہدری لطیف اکبر فائرنگ کے واقعہ میں محفوظ رہے۔