اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ جمعتہ المبارک کے دن سے پرائیویٹ حجاج کی بکنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، پرائیویٹ ادارے بھکاری اور منشیات فروشوں کو سعودی عرب نہ بھیجیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب نے حج کے فوری بعد حج انتظامات شروع کر دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے کسی پاکستانی کمپنی پر پابندی نہیں لگائی، اوورسیز پاکستانی بھی پاکستانی گروپوں کیساتھ حج کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جدہ میں بین الاقوامی حج نمائش کل سوموار سے شروع ہو رہی ہے جس کیلئے پاکستانی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری مذہبی امور سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ ہوپ کا وفد بھی اس میں شامل ہو گا جس میں حج 2025 کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اور سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسرائیلی نقشہ دہشتگردی کا نقشہ ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا سب کچھ مکہ مدینہ پر قربان ہے، اسرائیلی نقشہ مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں تمام اسلامی ممالک فلسطین کے معاملے میں وحدت و اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں، آج بھی سعودی عرب میں شام کےلیے اجلاس ہو رہا ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی بھکاری حج اور عمرہ پر نہ جائے، بھیک مانگنے والے بڑے بڑے گروپوں کو روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی پرائیویٹ ادارہ بھکاریوں کو ویزا نہیں دیتا، بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف شکایت ثابت ہوگئی تو معافی نہیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی آرمی چیف سید حافظ عاصم منیر نے 904 کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی شفقت کی تھی جس کی وجہ سے پاکستانی حجاج کے مسائل اور مشکلات پر قابو پایا گیا، اُمید ہے کہ رواں سال بھی حجاج کرام کے مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت اور ہوپ کے ذمہ داران کے درمیان بہترین کوارڈی نیشن ہے، ان شاءاللہ تعالیٰ 2025 کا حج بھی مثالی ہوگا۔