اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کی پابندی کے خاتمے کے بعد قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہونے کے بعد پیرس پہنچ گئی۔ قومی ایئرلائن کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوا ہے۔ پرواز پی کے 749 نے 323 مسافروں کے ساتھ پیرس کےلیے اڑان بھری۔ ترجمان کے مطابق مسافر ہفتے میں دو روز پیرس سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے پیرس آیا جایا کریں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اب قومی ایئرلائن کی پروازیں بتدریج پورے یورپ میں شروع ہوں گی، برطانیہ اور امریکا کے لیے بھی جلد قومی ایئرلائن کی براہ راست پروازوں کا اجراء ہوگا۔
خواجہ آصف نے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی ایئرلائن کو نقصان پہنچانے والوں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج ہمارے لیے تاریخی دن ہے، قومی ایئرلائن کے منافع بخش روٹس بند ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ معطلی مئی 2020ء میں کراچی میں ہونیوالے پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد کی گئی تھی، جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے بعد ایک سابق وزیر ہوابازی کے بیان نے عالمی سطح پر تحفظات پیدا کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ تقریباً 40 فیصد مقامی پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں، اس کے نتیجے میں یورپی ریگولیٹرز نے پی آئی اے پر پابندی عائد کر دی تھی۔