اسلام ٹائمز۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہَش منی کیس میں جرم ثابت ہوگیا، تاہم انہیں سزا نہیں سنائی گئی۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بزنس ریکارڈز میں جعلسازی کے مقدمے میں مجرم قرار پانے کے باوجود جیل جانے سے بچ گئے، عہدہ سنبھالنے سے دس روز پہلے ٹرمپ کو بڑا ریلیف مل گیا، قید کی تلوار سر سے ہٹ گئی۔ نیویارک کی فوجداری عدالت میں ٹرمپ کو سزا سنائے جانے کے لیے سماعت ہوئی، جس میں جج نے کہا کہ ٹرمپ کو جیل میں قید نہیں کیا جائے گا اور نہ ان پر کوئی جرمانہ ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ وہ پہلے شخص ہوں گے، جو مجرم ہوتے ہوئے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اداکارہ کو چُپ رہنے کے لیے ادائیگی چھپانے کے لیے ریکارڈ میں جعلسازی کے مقدمے میں ٹرمپ کو مجرم قرار دیا گیا، یہ جرم ان کے ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016ء کے صدارتی انتخابات کے دوران اداکارہ اسٹورمی ڈینیل کو مبینہ جنسی تعلقات پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیئے تھے۔ عدالت نے ہرش کیس کا ریکارڈ ڈونلڈ ٹرمپ کے ریکارڈ میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہوں گے، جو مجرمانہ ریکارڈ کے ساتھ صدارت کا عہدہ سنبھالیں گے۔