اسلام ٹائمز۔ لبنان کے عبوری وزیراعظم "نجیب میقاتی" نے ملک سے صیہونی فوج کے انخلاء پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں، میں نے نو منتخب صدر جنرل "جوزف عون" سے ملاقات کی اور اس حساس موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ نجیب میقاتی اور لبنانی صدر کے درمیان یہ ملاقات "بعبدا صدارتی محل" میں ہوئی۔ ملاقات کے بعد نجیب میقاتی نے میڈیا کو ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب صدر کے ساتھ جن موضوعات پر گفتگو ہوئی ان میں جنوبی لبنان سے صیہونی فورسز کا مکمل انخلاء اور اسرائیلی جارحیت کو روکنا شامل تھا۔ نجیب میقاتی نے کہا کہ نومنتخب صدر نے نئی حکومت کی تشکیل تک ہمیں کام جاری رکھنے کا اختیار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک جدید مرحلے کا سامنا ہے۔ ہم لبنان کے تمام حصوں پر حکومتی رٹ کو دائر کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ صبح لبنانی پارلیمنٹ میں صدر کے انتخاب کے لئے اجلاس ہوا۔ ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار دوتہائی اکثریت حاصل نہ کر سکا تاہم دوسرے مرحلے میں جنرل جوزف عون بھاری اکثریت سے منتخب اراکان کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ پہلے مرحلے میں 128 ممبران اسمبلی میں سے 71 نے اپنا ووٹ جنرل "جوزف عون" کے حق میں کاسٹ کیا۔ صدر کے انتخاب کے لئے لبنانی پارلیمنٹ میں آج کے اجلاس میں ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز لبنان کے رسمی وقت دوپہر دو بجے ہوا جس میں جنرل جوزف عون کو 99 ووٹ ملے۔ جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر لبنان کے صدر منتخب ہو گئے۔ تاہم اس عمل کے دوران ممبران اسمبلی کے درمیان ہلی پھلکی نوک جھونک کا سلسلہ بھی جاری رہا۔