اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ سے ویلفیئر سٹیٹ کا تصور ابھرا، مساوات و مواخات اسلام کے معاشی نظام کی بنیاد ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے امداد باہمی اور کفالت عامہ کیلئے ”مواخاتِ مدینہ“ کے نام سے بھائی چارہ پر مبنی ایک ایسے فلاحی معاشی نظام کی بنیاد رکھی جس سے کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا۔ اسلام نے عام آدمی کو معاشی استحصال سے بچانے کیلئے سود کو حرام قرار دیا۔ خواتین کی معاشی بہتری کیلئے انہیں وراثت کا قانونی حق دار ٹھہرایا۔ اسلام کا معاشی نظام عام آدمی کو استحصالی رویوں سے بچاتا اور فلاح و بہبود کو یقینی بناتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے سکالرز کیساتھ ایک خصوصی فکری نشست کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کی ترقی اور خوشحالی سیرت طیبہ کے ہر گوشہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ منہاج القرآن کے سکالرز اپنے دعوتی اور تربیتی دورہ جات کے موقع پر نوجوانوں کے دلوں میں فرائض و واجبات کی ادائیگی کی فکر اجاگر کریں اور اُن کے دلوں کو عشق مصطفیؐ سے منور کریں۔ دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ایک ماہ کے تنظیمی و دعوتی دورہ کے سلسلہ میں گزشتہ روز یورپ روانہ ہوئے۔ وہ اپنے اس دورہ کے دوران ناروے، سویڈن، اٹلی، سپین، پرتگال، جرمنی، ڈنمارک میں سیرت النبیؐ کانفرنسز،پاکستانی کمیونٹی اور منہاج القرآن کے عہدیداروں و رفقائے کار کے مختلف تربیتی سیشنز سے خطاب کریں گے۔