اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر کوئی سپر پاور ہے تو اللہ تعالی ہی سپر پاور ہے، مشکلات ہیں مگر میرے لیے نئی نہیں ہیں، مشکلات سے پاکستان کو نکالیں گے۔ گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آج میں دوبارہ صدر ہوں تو یہ آپ کی دعائیں، بی بی کی دعائیں اور پارٹی کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 45 سالہ بعد بھٹو صاحب کا فیصلہ ریورس کروا کر ثابت کردیا کہ وہ ایک عدالتی قتل تھا اور اب اسے عدالتی قتل ہی سمجھا جائے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے گڑھی خدا بخش کی دھرتی کی قسم کھائی ہوئی ہے کہ ہم جو بھی کام کریں گے اس کے لیے عوام کو اور اس دھرتی کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو بچانا ہے، اگر کوئی سپر پاور ہے تو اللہ تعالی ہی سپر پاور ہے، جس پر ہم یقین رکھتے ہیں اور انشاءاللہ اس ہی کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں سے ہم ان مشکل حالات سے پاکستان کو نکالیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کو خوش خبریاں دیں گے، یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ہم ہر چیز کو سنبھالیں گے اور ہرچیز کو ٹھیک رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاں مشکلیں ہیں، تکالیف ہیں مگر یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے، آپ سے بھی کہتا ہوں کہ کوئی پروا کرنے کی ضرورت نہیں، ان سب ( مشکلات سے) کو میں دیکھ لوں گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نہ آپ کا پانی کہیں جائے گا، نہ آپ کی گیس کہیں جائے گی، سب آپ کو ملے گا، جو آپ کا حق ہے، جو دوسرے صوبے کا حق ہے وہ ان کو ملے گا۔ خطاب کے آخر میں صدر مملکت آصف زرداری کے نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے جدید چیزیں ہورہی ہیں، مگر وہ سب انسان کو، آپ کو اور پارٹی کو فائدہ دیں گی۔