اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے پارہ چنار میں جاری محاصرے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے، پاراچنار کا مسئلہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، گزشتہ کئی مہینوں سے جرگے، آل پارٹیز کانفرنسز اور ان میں ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کرانے میں حکومت ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار کو مجروح کر رہا ہے۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعے میں دو نوجوانوں کو ذبح کرنے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے لہذا ہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کو روکنے کے لئے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں جس سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوتی نظر آئے۔ پریس کانفرنس سے میں علامہ اسد اقبال زیدی، حسنین مہدی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ بدرالحسنین عابدی اور علی محمد ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔