اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے پرامن حل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ پشاور میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرم معاملے پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگہ ارکان نے باہمی مشاورت کے بعد فریق کو دو دن کا وقت دے دیا۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کرم تنازع پرامن طریقے سے حل ہونے کے قریب ہے، پاراچنار میں مقامی رہنماؤں کو لائحہ عمل اور طریقہ کار پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2 دن کے وقفے کے بعد جرگہ دوبارہ شروع ہوگا، جرگہ ارکان انتہائی سنجیدگی اور ذمہ داری سے امن کے قیام کے لیے فرائض ادا کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پرانے تنازع کے حل کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، گرینڈ جرگے کے گذذشتہ 10 دنوں میں 40 سے زائد سیشن ہوئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت گرینڈ جرگے کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے، مشاورت کے لیے پاراچنار جانے والے اراکین کو ہیلی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ بہت جلد عوام پائیدار اور مستقل امن سے متعلق خوشخبری سنیں گے، عوام سے درخواست ہے کہ کسی قسم کے منفی پروپیگنڈے کو اہمیت نہ دیں۔