اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں نے یمنی مجاہدین کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے اہم اہداف کے خلاف انجام پانے والی کامیاب مزاحمتی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے یمنی رہبر انقلاب سید عبدالملک بدر الحوثی، یمنی مزاحمت و عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے کہا ہے کہ ہم برادر ملک یمن کے بہادر سپوتوں کو، ان کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کی جغرافیائی گہرائی کے اندر واقع اہم اہداف کے خلاف کئے گئے کامیاب حملوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جہاد اسلامی فلسطین نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی مدد میں یمنیوں نے جس جرأت و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ دنیا بھر کے تمام آزاد انسانوں کے لئے باعث فخر ہے۔
ادھر فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی گہرائی میں کامیابی کے ساتھ انجام پانے والے یمنی میزائل حملوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ جن میں درجنوں غیرقانونی صیہونی آبادکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ یمنیوں کے مبارک میزائل حملے یمنی عوام اور ان کی بہادر قیادت کی جانب سے غزہ کی مضبوط حمایت پر مبنی راسخ عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں نے تاکید کی کہ یمنی حمایتی محاذ کے جاری رہنے اور اس کی کارروائیوں میں شدت نے غاصب صیہونیوں کے حساب کتاب کو مٹی میں ملا کر رکھ دیا ہے جس سے غاصب اسرائیلی رژیم کی اُن جھوٹی کامیابیوں کا زعم بھی چکنا چور ہو گیا ہے جن کا وہ بڑھ چڑھ کر دم بھرتے تھے۔ فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں نے مزید کہا کہ یمنیوں کے مبارک حملے غاصب صیہونیوں کی اپنے اہداف کے حصول میں بڑی شکست اور یمنی میزائلوں کا سامنا کرنے میں ان کی آشکار ناکامی کو ثابت کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں حزب المجاہدین نامی فلسطینی مزاحمتی تحریک نے بھی اعلان کیا کہ ہم غاصب صہیونیوں کے زیر کنٹرول مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یمنی مسلح افواج کے نئے و منفرد میزائل حملوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنیوں کے یہ حملے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر مبنی یمنی عوام اور ان کی مجاہد قیادت کی استقامت و راسخ عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔ حزب المجاہدین فلسطین نے مزید کہا کہ ہم یمن کے دلاور سپوتوں اور ان کی مسلح افواج نیز سید عبدالمالک بدر الدین الحوثی کو بھی سلام پیش کرتے ہیں!!