اسلام ٹائمز۔ ماسکو میں ایرانی سفیر محمد کاظم جلالی نے جمعے کے روز روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ آندرے روڈینکو کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں اعلی سفارتکاروں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی سمیت مختلف میدانوں میں باہمی تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کے سربراہوں کی ملاقات اور صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان کے دورہ ماسکو نیز روسی وزیراعظم کے معاونین کے دورہ تہران پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلی حکام کی جانب سے باہمی تعلقات کی توسیع پر کی جانے والی تاکید کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے مشترکہ معاہدوں میں پیشرفت کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے دستخط کے لئے تیار مسودوں، جن میں ایران روس جامع تعاون کا اسٹریٹیجک معاہدہ بھی شامل ہے، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔