0
Thursday 19 Dec 2024 16:18

پاکستان اور ایران کو دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے، ڈاکٹر امیری مقدم

پاکستان اور ایران کو دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے، ڈاکٹر امیری مقدم
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین سے ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دنیا میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان، دہشتگردی، فرقہ واریت کے خاتمے، قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ آج مسلم ممالک جن چیلنجز اور حالات سے گزر رہے ہیں، اس میں ضرورت ہے کہ مذہبی ہم آہنگی و رواداری اور وحدت کو فروغ دیا جائے، دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے، برداشت اور احترام کا رویہ اسلامی تعلیمات کا لازمی جزو ہے، پاکستان اور ایران کو بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کیساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو آئندہ ماہ ایران میں ہونیوالی انٹرنیشنل قرآن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کو دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے، جس کے تدارک کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے مابین انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1179233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش