اسلام ٹائمز۔ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیرصدارت لاہور کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سابق ایم پی اے چودھری محمد شوکت نے نائب امیر جماعت اسلامی لاہور کا حلف اُٹھایا۔ اجلاس میں استصواب کے بعد مرزا عبدالرشید نے جنوبی لاہور کے امیر کا حلف اٹھایا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل لاہور اظہر بلال، نائب امراء لاہور، امراء اضلاع لاہور اور دیگر ذمہ داران و عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاءالدین انصاری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی آڑ میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں 400 فیصد اضافہ مہنگائی کی چکی میں پستے عوام پر سراسر ظلم ہے، جبکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں ہوشربا اضافہ قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹانے کی سازش ہے، اس فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھاکہ ملک کا عام مزدور حکومتی اور نجی اداروں میں اعلانات کے باوجود 37 ہزار اجرت سے محروم ہے جبکہ حکومتی ایوانوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے بل پاس ہونے کی بجائے عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت قومی خزانے میں پیسہ نہ ہونے کی کی وجہ بیرونی قرضوں سے ملک و قوم کو بے تحاشہ مقروض کر رہی ہے، تو دوسری طرف وہی پیسہ اپنوں کو نوازنے کیلئے من پسند پروجیکٹس اور ارکان اسمبلی پر نچھاور کیا جا رہا ہے، جو قابل مذمت اور نا قابل قبول ہے۔ ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مفادات کی بجائے اپنے تحفظ کیلئے کام کر رہی ہے اور کرپشن کیسز کا خاتمہ اور حریف مخالفین کو جیلوں میں بند رکھنا جمہوری روایات نہیں بلکہ آمریت کی بدترین مثال ہے۔