اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے صرف اسلام آباد پولیس کے 33 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہو گئے۔ نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا 3 یوم کا احتجاج پولیس کو 33 کروڑ 28 لاکھ روپے میں پڑا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 24 مختلف مقامات سے سیل کرنے کے لیے 800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے۔ اسلام آباد پولیس کے کنٹینرز کی مد میں 7 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
کنٹینرز کو لگائے ہوئے آج ساتواں روز ہو گیا جب کہ تاحال ان کنٹینرز کے اخراجات پولیس کے ذمے بڑھتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ 7 دنوں میں آج تک 7 کروڑ 28 لاکھ روپے کے اخراجات بن چکے ہیں۔ احتجاج کے لیے پولیس نے 35 ہزار آنسو گیس کے شیلز کا بندوبست کیا تھا۔ اسلام آباد پولیس نے 3 یوم میں 15 کروڑ کے شیل استعمال کیے۔ اسی طرح ربڑ کی گولیوں اور 2500 بندوقوں کی مد میں 11 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔ ان اخراجات میں راولپنڈی کے انتظامات شامل نہیں ہیں۔