اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیر اعظم و معزول اسرائیلی وزیر جنگ یوایو گیلنٹ کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے فرانسیسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر کام کرنے والی عالمی عدالت کے پراسیکیوٹر کے قانونی اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں پیرس نے مزید کہا کہ "سزا سےاستثنی کا مقابلہ'' ہماری ترجیح ہے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر ہمارا ردعمل اس عدالت کے اصولوں کے عین مطابق ہو گا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ہالینڈ و بیلجیئم نے بھی عالمی عدالت کے حکم کے مطابق نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کے لئے اپنی مکمل تیاری کا اعلان کیا تھا جبکہ یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ جوزپ بورل نے بھی بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے کے فیصلے کو درست اور لازم الاجراء قرار دیا ہے۔