اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حکومتی درندوں کی بہیمانہ فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کارکنان کا قتل قومی المیہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرامن احتجاج کیلئے اسلام آباد آنے والے بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین سمیت لاکھوں پرامن پاکستانیوں پر گولیوں کی وحشیانہ بوچھاڑ کے حکومتی اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق پرامن احتجاج کیلئے اسلام آباد آنے والے نہتےّ شہریوں کے مجرمانہ قتلِ عام میں ملوث حکومتی کرداروں کے تعیّن کیلئے اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پرامن اور محبِ وطن پاکستانیوں کو قتل کروانے اور سینکڑوں کو سیدھی گولیاں مار کر زخمی کروانے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔