0
Wednesday 27 Nov 2024 06:59

درجنوں کارکنوں کو شہید کیا گیا، چیف جسٹس نوٹس لیں، تحریک انصاف

درجنوں کارکنوں کو شہید کیا گیا، چیف جسٹس نوٹس لیں، تحریک انصاف
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نہتّے، پرامن اور محبّ وطن شہریوں کے سفّاکانہ قتل اور آپریشن کے نام پر اسلام آباد میں پرامن احتجاج کے شرکاء کے خلاف وحشت و بربریت کے ننگے مظاہرے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے شہید کارکنان کے بہیمانہ قتل کے از خود نوٹس اور وزیراعظم، وزیرداخلہ اور اسلام آباد اور پنجاب کے انسپیکٹرز جنرل کے خلاف قتلِ عمد کی کارروائی کے احکامات کی اپیل کرتے ہیں۔ 
 
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مینڈیٹ چور فسطائیوں کی ایماء پر سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں انیس شہزاد ستی، ملک مبین اورنگزیب، عبدالقادر، ملک صفدر علی، احمد ولی، محمد الیاس اور عبدالرشید شامل ہیں۔ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا۔ حکومتی بربریت اور دارالحکومت کو نہتے شہریوں کا مقتل بنانے کے حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخی کا اعلان کیا جاتا یے۔
 
‏ترجمان نے کہا کہ حکومتی بربریت کی تفصیلات کے سیاسی اور کورکمیٹیز میں تجزیے کے بعد بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھنے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کے اجراء کا اعلان کیا جائے گا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کوئی عسکری یا مسلّح جماعت ہے نہ ہی اپنے عوام کو ریاستی قاتلوں کے ہاتھوں ذبح کروانے کی خود کو متحمّل سمجھتی ہے، پرامن احتجاج کیلئے تمام تر صعوبتیں، رکاوٹیں، تشدد، وحشیانہ بربریت برداشت کرکے ہمارے کارکن ڈی چوک پہنچے مگر اپنے شہریوں کی لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
 
تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ ‏24 کروڑ پاکستانیوں کو بھیڑ بکریاں سمجھنے والے درندوں کیلئے شہریوں کا قتل تفریح کا وسیلہ ہوسکتا ہے مگر تحریک انصاف پاکستان کے عوام، اس کے وسائل اور اس کے قومی مفاد کی نگہبان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد کی طویل تاریخ رکھتی ہے، 24 نومبر سے آج تک لاشیں گرانے کے حکومتی منصوبے کی راہ روکتی رہی ہے۔ 
 
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ س سے پہلے 26 مئی 2022ء, 3 نومبر 2022ء, 26 نومبر 2022ء, 8 مارچ 2023ء، 15 مارچ 2023ء اور 18 مارچ 2023ء اور 24 مارچ 2023ء سمیت ہر موقع پر پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی ہر حکومتی کوشش کو تحریک انصاف نے پاکستان کے مفاد میں ناکام بنایا۔ بانی چیئرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی پوری سیاسی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں اور پرامن تاریخ سے عبارت ہے، حقیقی آزادی ہماری منزل ہے، جب تک ہماری رگوں میں خون کا آخری قطرہ باقی ہے اس کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
 
‏ترجمان نے کہا کہ پرامن احتجاج کیلئے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ اور خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے بھی بے حد مشکور ہیں، دنیا بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1175086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش