اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر حالات کو کشیدگی اور تصادم کی جانب دھکیل رہی ہے۔ پارٹی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر واضح کرتی ہے کہ ہمارے کارکن مکمل طور پر نہتے اور پرامن ہیں، تشدد نہ ہمارا راستہ ہے اور نہ ہی کبھی ہم نے اس کا سہارا لیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی تمام تر فسطائیت اور ظلم کے باوجود گذشتہ ڈھائی سال کی طرح آج بھی مکمل طور پر پرامن ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رات گئے ہونے والی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نہ بتائیں کہ اُن کے منھ کو کتنا خون لگا ہوا ہے، نہتے اور پرامن عوام پر تشدد سے سرکار کے عزائم پہلے دن سے انتہائی واضح ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دو دن کی بدترین شیلنگ کے بعد گذشتہ رات مظاہرین پر گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں دو کارکن جاں بحق جبکہ دو درجن سے زائد زخمی ہوئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کا مینڈیٹ نہ چھینا جاتا تو آج عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ عمران خان کی کال پر نکلنے والا ہر کارکن احتجاج جیسی آئینی و قانونی سیاسی سرگرمی کو کامیابی تک لے جائے گا۔