اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے فریقین میں 7 روزہ فائر بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود ضلع کرم میں علیزئی اور بگن سمیت مختلف علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ نہ رک سکا، فائرنگ کے واقعات میں جاںبحق افراد کی مجموعی تعداد 88 ہوگئی جبکہ111 زخمی ہیں، پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تازہ واقعات میں فریقین کے مزید 2 افراد جاںبحق ہوگئے 19 زخمی ہوگئے ہیں۔ جبکہ پاراچنار میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کا ایک اور زخمی مشتاق حسین دم توڑگیا ہے، جس کے بعد گاڑیوں پر فائرنگ سے جاںبحق افراد کی تعداد 50 ہوگئی۔ اسی طرح کرم میں چار روز کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 38 افراد جاں بحق ہوئے۔ کرم پشاور شاہراہ کی بندش کے باعث ایندھن کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔