اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر سانحہ پارا چنار کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شرکاء نے پارٹی پرچم، پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشت گردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت علامہ ڈاکٹر سید دانش نقوی، علامہ سید سلمان نقوی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین ملت جعفریہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشت گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے سانحہ پارا چنار کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، اداروں کی موجودگی میں اگر حملہ ہوتا ہے تو یہ حملہ پارا چنار کے عوام پر نہیں بلکہ خود سکیورٹی اداروں پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ اس میں ادارے ملوث ہیں، کیونکہ دہشت گردوں نے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم کے پی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار اور نواحی علاقوں میں آپریشن کیا جائے اور دہشت گردوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم نے لاشوں پر بھی امن کی بات کی ہے، ہماری اس امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔