0
Friday 22 Nov 2024 23:41

کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء کا اختتام

کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء کا اختتام
خصوصی رپورٹ

کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز اختتام پذیر ہوگئی۔ سامانِ حرب کی نمائش کے دوران 82 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ نمائش میں پہلے نمبر پر ترکیہ، دوسرے پر چین رہا، جبکہ مقامی کیٹیگری میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کو ایوارڈ دیا گیا۔ ایکسپو سینٹر کے کشمیر مارکی میں عالمی دفاعی نمائش کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تینوں مسلح افواج سمیت غیر ملکی مندوبین اور دفاعی اتاشی شریک ہوئے۔ شرکا نے یک زباں ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔ اختتامی تقریب میں مسلح افواج کے دستوں کے بینڈز نے شاندار سلامی دی۔ تقریب میں سیکرٹری وزارتِ دفاعی پیداوار چراغ حیدر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل ڈیپو اسد نواز خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ سیکرٹری وزارتِ دفاعی پیداوار نے کہا کہ ہم دفاعی نمائش آئیڈیاز کے انعقاد پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشکور ہیں۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد ہوا، جس میں لاتعداد لوگ شریک ہوئے۔ آئیڈیاز خطے کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 کے دوران کل 82 ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔ ٹیکنالوجی پارکس کے لیے 15 ایم او یوز، سوئزرلینڈ کی کمپنی کے ساتھ 10 ارب روپے، مڈل ایسٹ کے ممالک کے ساتھ 10 ایم او یوز سائن ہوئے، جبکہ افریقی ممالک کے ساتھ 5 نئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

سیکرٹری ڈیفنس پروڈکشن کے مطابق گزشتہ آئیڈیاز 2024ء میں 1.3 ارب ڈالرز کی دفاعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کی گئی۔ ہمارے عسکری و سامانِ حرب کو دنیا میں خوب پذیرائی ملی ہے، ملکی ڈیفنس انڈسٹریز فروغ پا رہی ہیں۔ دفاعی نمائش میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسلحے کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ڈیپو میجر جنرل اسد نواز خان نے کہا کہ آئیڈیاز 2024ء نمائش کی کامیابی پر مسرور ہیں۔ بین الاقوامی پارٹنرز کی شرکت ہمارے "ہتھیار برائے امن" کے مقصد کو پورا کرتی ہے۔ اس ایونٹ نے تمام شریک ممالک کو باہمی تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔ دفاعی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ میں ڈیپو اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سے قبل سیکرٹری وزارتِ دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر، ہلالِ امتیاز (ملٹری) (ریٹائرڈ) نے آئیڈیاز کے موقع پر نئے فلیگ شپ اسٹور کا افتتاح کیا۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے فلیگ شپ اسٹور کو بزنس حب کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جہاں پی او ایف کی تمام پراڈکٹس رکھی جائیں گی۔ لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، چیئرمین پی او ایف بورڈ نے سیکرٹری وزارتِ دفاعی پیداوار کو پی او ایف فلیگ شپ اسٹور سے متعلق بتایا۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد میں قائم کیے گئے اس فلیگ شپ اسٹور کی شمولیت سے پی او ایف کی اب 8 آؤٹ لیٹس پشاور، واہ کینٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں قائم ہیں۔ فلیگ شپ اسٹور پر لائسنس ہولڈر مقامی خریداروں کے لیے غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ و ایمونیشن دستیاب ہوگا۔ مقامی مارکیٹ میں معروف شاہین کارتوس کے علاوہ شکار سے متعلق سامان بھی اسٹور پر رکھا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1174197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش