اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو 25 تا 27 نومبر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بیلا روس کے صدر پاکستان کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دورہ کے موقع پر صدر لوکاشینکو وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دورے کے موقع پر کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ بیلاروس کے صدر کا دورہ مضبوط اور بڑھتی ہوئی دوطرفہ شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔