اسلام ٹائمز۔ الیکش کمیشن نے کوئٹہ سے قومی اسمبلی کے رکن عادل خان بازئی کو ڈی سیٹ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر نواز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو عادل خان بازئی کی نااہلی کا ریفرنس بھجوایا تھا۔ جس میں آرٹیکل 63 اے کے تحت عادل خان بازئی کی نشست خالی قرار دینے کی درخواست دی گئی تھی۔ بعد ازاں فیصلہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا۔ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے این اے 262 کی نشست کو خالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عادل بازئی نے 26 ویں ترامیم پر ووٹ نہیں دیا، اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مروجہ قوانین کے مطابق تمام ممبران پارٹی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ واضح رہے کہ عادل خان بازئی کوئٹہ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں کھڑے ہوئے، جنہیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ الیکشن جیتنے کے بعد الیکشن کمیشن نے عادل خان بازئی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ قرار دیا، جبکہ تحریک انصاف اور خود عادل بازئی نے عوام کے سامنے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی تردید کی۔