0
Thursday 14 Nov 2024 22:09

ہم فلسطین غزہ اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

ہم فلسطین غزہ اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید فخر عباس نقوی نے کہا ہے کہ ہم سب فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ اسلامی ممالک اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے لئے عملی اقدام اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں کالعدم تنظیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کالعدم دہشت گرد ٹولے کی شرانگیزی کا نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے جیکب آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل آئی ایس او کے صدر فخر عباس نقوی کے جیکب آباد پہنچنے پر علامہ مقصود علی ڈومکی، سید غلام شبیر نقوی اور آئی ایس او کے جوانوں نے پھولوں سے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم فلسطین غزہ اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ او آئی سی اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کہلانے کے باوجود غزہ کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ 56 اسلامی ممالک غزہ اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کو اسرائیلی جارحیت سے نہ بچا سکے۔ حد تو یہ ہے کہ عرب اور اسلامی ممالک غزہ کے معصوم بچوں اور نہتے شہریوں تک خوراک بھی نہ پہنچا سکے۔ مسلم حکمرانوں کو زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے غزہ، فلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کے لئے عملی قدم اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کالعدم دہشت گرد تنظیمیں ایک دفعہ پھر ایکٹو ہو چکی ہیں۔ تعجب ہے کہ جن دہشت گرد تنظیموں کو ریاست پاکستان نے کلعدم قرار دے کر ان کی ایکٹوٹیز کو غیر قانونی قرار دیا ہے، وہ سرعام جلسے جلوس کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت اور جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جیکب آباد میں کالعدم دہشت گرد ٹولے کی شرانگیزی کا نوٹس لے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید فخر عباس نقوی نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں اور مظلوموں کا ساتھ دینا ہر انسان پر فرض ہے۔ آئی ایس او پاکستان غزہ اور لبنان میں امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت اور جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کالعدم دہشت گرد گروہ کی نفرت انگیز سرگرمیوں کو روکے اور ملت جعفریہ جیکب آباد کے خدشات کا فوری ازالہ یقینی بنائے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، آئی ایس او کے صوبائی صدر خالد حسین راہوجہ، ضلعی صدر عدیل شجاع، وحدت یوتھ کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری اللہ بخش میرالی اور عزاداری کونسل کے ضلعی رہنماء سید غلام شبیر نقوی و دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1172599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش