اسلام ٹائمز۔ عرب چینل المیادین نے شام میں غاصب صہیونی فوج کی اغواکاری پر مبنی حالیہ کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج کی جانب سے 18 جولائی کے روز اغوا کیا گیا شامی شہری علی سلیمان العاصی درحقیقت ایک غیر فوجی کسان ہے۔
باخبر ذرائع نے المیادین کو بتایا ہے کہ علی سلیمان العاصی کو شامی شہر قنیطرہ کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں صیدا میں اس کے کھیت سے اغوا کیا گیا جبکہ غاصب صیہونی فوج، اس شامی شہری کو اغواء کرنے کے لئے سرحدی باڑ کو عبور کرنے کے بعد سینکڑوں میٹر تک شامی سرزمین کے اندر آگے آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے اس شامی کسان کو رات میں ایک ایسے وقت اغوا کیا جب وہ صوبہ دمشق سے قنیطرہ، دودھ سپلائی کرنے جا رہا تھا۔
المیادین کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے تاحال العاصی کے اغوا کا اعلان نہیں کیا اور اس سارے معاملے کو ابھی تک خفیہ رکھا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ جنگ کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ جب غاصب صیہونی رژیم نے اپنی فوجوں کو شامی سرزمین کے اندر تک بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔