0
Sunday 20 Oct 2024 22:17

73ء کے متفقہ آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنیوالے منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہینگے، کاشف سعید شیخ

73ء کے متفقہ آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنیوالے منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہینگے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ زنی، 73ء کے متفقہ آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے عوام کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے، صدر زرداری کی جانب سے ارسا ایکٹ کی منظوری اور سندھ اسمبلی سے مخالفت میں قرارداد پاس کرنا پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسی اور ڈرامہ بازی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، کارونجھر پہاڑ کی کٹائی، بحریہ ٹاﺅن، ڈی ایچ اے کو زمینوں کی بندر بانٹ اور دریائے سندھ سے مزید چھ کینال نکالنے میں جیسے سیاہ کارنامے پیپلز پارٹی کی مقتدر قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، ہم نے ہر مشکل وقت میں سندھ کے عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے، وقت آگیا ہے کہ اب سندھ کے لوگ بھی وڈیروں اور جاگیرداروں، کرپٹ سیاستدانوں کی غلامی ترک کرکے جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں، جماعت اسلامی کے ضلعی امراء اور مقامی قیادت عوام سے رابطہ مہم کو مزید تیز کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ اور سکھر ڈویزن کے ضلعی امراء کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رابطہ عوام ممبر شپ مہم سمیت دیگر تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ پر گذشتہ سولہ سالوں سے بلاشرکت غیرے حکمرانی کرنے والوں نے سندھ میں ڈاکو راج، اغوا انڈسٹری کو ختم کرنے کی بجائے مزید تقویت دیکر سندھ کو جرائم کا گڑھ بنا دیا ہے، عام آدمی کو امن، روزگار، مہنگائی سے نجات دلانے کی بجائے حکمران خاندان اپنی دولت میں اضافے، 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ پر چڑھائی کرکے کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام اب ان کی مسلسل کرپشن اور بدترین حکمرانی سے تنگ آ چکے ہیں، 8 فروری کے انتخابات میں حکمران ٹولے کی بدترین شکست اس کا واضح ثبوت ہے، فارم 47 کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے حکمران 73ء کے متفقہ آئین کو دفن کرکے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، لیکن محب وطن سیاسی قوتیں اور عوام ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے ضلعی قیادت پر زور دیا کہ اس وقت سندھ کے عوام موجودہ حکمران جماعت سے بیزار ہیں، اس لئے گلی محلے اور بازاروں میں ممبرشپ مہم کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرکے جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام پہنچا کر اپنا کارکن بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔
خبر کا کوڈ : 1167581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش