0
Monday 14 Oct 2024 21:54

ڈرون حملہ اور حزب اللہ کا پیغام؟

ڈرون حملہ اور حزب اللہ کا پیغام؟
تحریر: سید کاشف علی

گذشتہ دن اسرائیل کے لیے سات اکتوبر 2023ء کے بعد سے اب تک کا سب سے بدترین دن ثابت ہوا۔ حزب اللہ نے بن یامینہ میں واقع ایک ملٹری بیس میں موجود اسرائیل کی ایلیٹ انفنٹری یونٹ، گولانی بریگیڈ، کو خودکش ڈرون سے نشانہ بنایا، حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور ساٹھ سے زائد زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق سات فوجیوں کی حالت نازک ہے۔ بن یامینہ حیفا اور تل ابیب کے درمیان سولہ ہزار آبادی کا ایک چھوٹا سا شہر ہے۔ جنوبی لبنان کی بارڈر سے اس کا فاصلہ 70 کلومیٹر ہے۔ حزب اللہ نے کمال مہارت اور منصوبہ بندی سے خودکش ڈرون کے ذریعے دشمن کی ملٹری بیس کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر دشمن پر کاری ضرب لگانے کے ساتھ اس کے پروپیگنڈہ پر پانی پھیر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع سمیت متعدد اعلیٰ حکام دعویٰ کر رہے تھے کہ حزب اللہ کی 70 فیصد فوجی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور اسلحہ و گولہ بارود کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ جنوبی لبنان میں سخت مزاحمت اور ایلیٹ یونٹ گولانی بریگیڈ پر کامیاب حملے سے حزب اللہ نے اپنی فوجی صلاحیت کے بدستور باقی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اسرائیل حزب اللہ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے سے متعلق بھی دعویٰ کر رہا تھا کہ ٹاپ و مڈل سطح کے اعلیٰ کمانڈرز اور سیکرٹری جنرل کی شہادت سے حزب اللہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول کا ڈھانچہ تباہ ہوگیا ہے، جنوب میں سخت ترین مزاحمت، راکٹوں اور ڈرون کے مسلسل کامیاب حملوں نے ثابت کر دیا کہ حزب اللہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچہ نہ صرف باقی ہے، بلکہ اسرائیل کے خلاف ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔

اسرائیل کے دفاعی نظام پر بھی متعدد سوالات کھڑے ہوگئے ہیں، جو ڈرون کو تباہ کرنے میں ناکام رہا، وارننگ سائرن بھی نہیں بجا، جس سے اسرائیلی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ آئرن ڈوم کی اس ناکامی پر اسرائیل نے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ کے مہلک ترین حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال نہیں کیا، بعض اطلاعات کے مطابق سیاسی قیادت نے لبنان پر حملے بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلسل حملوں اور شہادتوں کی وجہ سے حزب اللہ کی ختم ہوئی ڈیٹرنس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے، جس سے طاقت کا توازن قائم ہوگا، جو اسرائیل کو لبنان پر مزید جارحیت سے روکے گا۔

اسرائیل کا دفاعی نظام آئرن ڈوم حملہ آور خودکش ڈرون کے خلاف کمزور ثابت ہوا ہے، اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون آئرن ڈوم کو چکما دے کر راڈار سے غائب ہونے میں کامیاب رہا۔ حزب اللہ کے پاس خودکش ڈرونز کا بڑا ذخیرہ موجود ہے، جو اسرائیل کے لیے اس جنگ میں ڈراؤنا خواب ثابت ہوسکتا ہے۔ ایلیٹ انفنٹری یونٹ گولانی بریگیڈ پر کامیاب حملہ حزب اللہ کے رینک اینڈ فائل اور لبنانی عوام کے مورال میں اضافے کا سبب بنے گا، جس سے اسرائیل کے خلاف جاری مزاحمت کو مزید تقویت ملے گی۔ امریکہ و اسرائیل کچھ طاقتوں کو لبنان کے اندر سے حزب اللہ کے خلاف یہ کہہ کر کھڑا ہونے پر اکسا رہے تھے کہ اب حزب اللہ کمزور ہوچکی اور اسے لبنان سے مکمل ختم کرنے کا یہ نادر موقع ہے۔

حزب اللہ کے حالیہ کامیاب حملوں سے ایسی تمام سازشوں پر پانی پھر جائے گا، جس سے لبنان میں حزب اللہ کے اندرونی دشمنوں کو شدید دھچکہ ملے گا۔ 13 اکتوبر کو حزب اللہ نے ایک واضح پیغام دیا ہے کہ وہ لبنان میں اب بھی سب سے بڑی فوجی طاقت ہے، جو اسرائیل کے کونے کونے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، نیتن یاہو حکومت نے حزب اللہ سے متعلق اپنے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی تھی، امریکہ و اسرائیل لبنان سے حزب اللہ کے مکمل خاتمے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں، کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1166495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش