اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر ایک مرتبہ پھر شدید بمباری کی ہے۔
اس حوالے سے غاصب اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ان حملوں میں حزب اللہ لبنان کے انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر اور ہتھیاروں کے ایک گودام کو نشانہ بنایا ہے تاہم عرب چینل المیادین کا کہنا ہے کہ غاصب اسرائیلی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ شب بیروت کے علاقے الحدث میں السان تیریز اور المیکانیک نامی محلوں میں اپنے متعدد حملوں کے دوران رہائشی عمارتوں اور گیس اسٹیشنوں و پٹرول پمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس بارے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں حملے کے مقام پر گیس سلینڈروں کے پھٹنے کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
المیادین نے یہ اعلان بھی کیا کہ غاصب صیہونی رژیم کے پے درپے وحشیانہ حملوں کے باعث بیروت کے رسول اعظم (ص) اور سینٹ تھریس نامی ہسپتال اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے سے قاصر ہو گئے ہیں۔
ادھر صہیونی ذرائع نے جنوبی لبنان کے شہر خیام پر بھی صیہونی بمباری کی اطلاع دی ہے۔