اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ کراچی پر کسی کی توجہ نہیں، کراچی میں گزشتہ شب ہونے والے دھماکے پر وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اپنے مذمتی بیان میں راجہ اظہر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی حکومت اہم موقع پر سندھ پولیس کو اسلام آباد بھجوا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پکڑنے کے سوا سندھ حکومت کو کوئی کام نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب خودکش حملے میں 2 چینی باشندوں اور ایک مقامی شخص سمیت 3 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے زخمی مخلتف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، دہشتگردی کا نشانہ بننے والی گاڑی میں چینی شہری سوار تھے۔